وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا قافلہ راولپنڈی اسلام آباد کی حدود میں داخل ہوگیا

Published: 25-11-2024

Cinque Terre

خیبر پختونخوا سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں آنے والا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا قافلہ اسلام آباد ٹول پلازا پہنچ گیا، انہوں نے گاڑی سے اتر کر پیدل اسلام آباد ٹول پلازا کراس کیا۔قافلے کی قیادت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی مشترکہ طور پر کررہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قافلے کی قیادت علی امین گنڈاپور کر رہے ہيں، بشریٰ بی بی کی گاڑی ان کے پیچھے ہے۔اس سے قبل بشریٰ بی بی کا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک خان ہمارے پاس نہیں آجاتے ہم نے اس مارچ کو ختم نہیں کرنا، میں اپنی آخری سانس تک اس مارچ میں کھڑی رہوں گی، آپ لوگوں نے میرا ساتھ دینا ہے، کوئی میرا ساتھ نہیں دے گا تب بھی میں کھڑی رہوں گی۔بشریٰ بی بی کا کہنا تھا  کہ کیوں کہ یہ صرف میرے میاں کی بات نہیں ہے بلکہ یہ اس ملک کے لیڈر کی بات ہے، مجھے اُمید نہیں یقین ہے کہ پٹھان قوم آخری جنگ تک ساتھ نہیں چھوڑتی۔واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے۔پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستے دوسرے روز بھی بند ہیں۔اسلام آباد میں احتجاج کے لیے پی ٹی آئی کا قافلہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کی قیادت میں ہزارہ انٹرچینج سے ایم ون پر روانہ ہوا۔