بشریٰ بی بی کے اپنی گاڑی سے علی امین کی گاڑی میں جانے کی ویڈیو سامنے آ گئی

Published: 28-11-2024

Cinque Terre

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اسلام آباد سے خیبر پختونخوا فرار کی ویڈیو سامنے آگئی۔بشریٰ بی بی کی اپنی گاڑی سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں منتقل ہونے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ذرائع کے مطابق جناح ایونیو پر آپریشن کے بعد بشریٰ بی بی اپنی گاڑی پر سیکٹر جی 8 پہنچیں، جہاں سے وہ علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں سوار ہوئیں۔بشری بی بی رات 11 بج کر 57 منٹ پر اپنی گاڑی سےعلی امین کی گاڑی میں سوار ہوئیں، ویڈیو میں علی امین گنڈاپور کی سیکیورٹی ٹیم کی 2 گاڑیوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق بشری بی بی علی امین کی گاڑی میں سیکٹرجی 8 سے مارگلہ روڈ کی طرف روانہ ہوئیں اور گاڑیاں وہاں سے پیر سوہاوہ روڈ سے ہوتے ہوئے خیبر پختونخوا کی طرف نکل گئیں۔بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گاڑی کا ٹائر فلیٹ ہو گیا تھا، اس لیے انھیں گاڑی بدل کر علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں جانا پڑا تھا۔مریم وٹو نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے ذاتی محافظوں میں سے دو کو ویگو کی طرف جانے اور کار کے پیچھے آنے کو کہا۔ پہلے یہ پرسنل گارڈز ہمیشہ اس کے ساتھ ہوتے تھے لیکن اس وقت انھیں وہاں سے چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔ مریم وٹو کے مطابق انھوں نے بشریٰ بی بی کے ایک ذاتی محافظ سے بات کی تو اس نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے ڈرائیور سے کہا تھا کہ وہ گاڑی مظاہرین کے پاس لے جائے۔