بھگدڑ کے دوران خاتون کی ہلاکت کا مقدمہ الو ارجن کیخلاف درج کرنے کی تیاری

Published: 06-12-2024

Cinque Terre

الو ارجن کی فلم پشپا 2 ریلیز ہوتے ہی اداکار مشکل میں پڑ گئے۔ انکے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کی تیاری شروع کردی گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق الو ارجن کی فلم پشپا 2: دی رول کے پریمیئر پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بھگدڑ کے نتیجے میں ایک خاتون مداح ہلاک ہوگئی اور اس کا کمسن بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔فلم کا پریمیئر 4 دسمبر کی شام ہوا تھا اور الو ارجن بھی اپنی ٹیم، اہلِ خانہ اور مداحوں کے ساتھ حیدرآباد کے سندھیا تھیٹر میں موجود تھے۔حیدرآباد دکن پولیس نے کہا ہے کہ الو ارجن اور تھیٹر انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق اداکار نے بغیر اطلاع کے تھیٹر کا دورہ کیا جس سے امن و امان کی صورتحال پیدا ہوئی۔پولیس کمشنر نے ایک بیان میں کہا، “تھیٹر انتظامیہ یا اداکار کی ٹیم کی طرف سے پولیس کو اطلاع نہیں دی گئی تھی کہ وہ تھیٹر آئیں گے۔ تھیٹر انتظامیہ کو ان کی آمد کا علم ہونے کے باوجود کوئی اضافی سیکیورٹی یا ہجوم کو کنٹرول کرنے کے انتظامات نہیں کیے گئے۔”انہوں نے یہ بھی کہا کہ “قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔”واقعے کے بعد ہونے والی تنقید پر الو ارجن کی ٹیم کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ سپر اسٹار اداکار متاثرہ خاندان سے رابطے میں ہیں۔ارجن کی ٹیم کے سربراہ نے بتایا کہ فلم پروڈیوسر نے زخمی لڑکے کی عیادت کی اور علاج کےلیے مالی امداد فراہم کی۔پریمیئر کے دوران جب الو ارجن تھیٹر پہنچے تو ان کے مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ مداح اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کےلیے آگے بڑھے، جس کے باعث تھیٹر کا مرکزی گیٹ گر گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔پولیس کے مطابق بھیڑ کو قابو میں کرنے کےلیے لاٹھی چارج بھی کیا گیا لیکن حالات قابو سے باہر ہوگئے۔ خاتون مداح سانس رکنے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔