Published: 18-12-2024
کپل شرما کی جانب سے مصنف اور پروڈیوسر ارون کمار المعروف ایٹلی کی توہین کرنے اور نسلی پرستی پر مبنی جملے کہنے پر کپل کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید اور الزامات کا سامنا کرنا پڑا جس پر اب کپل نے بلآخر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔فلم ’بے بی جان‘ کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے کامیڈین کپل شرما کے شو میں شرکت کی تھی۔واضح رہے کہ کپل کے شو میں بے بی جان کے ہدایتکار کالیس، مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکاروں ورون دھاون، کیرتی سریش اور وامیکا گابی شریک تھیں۔ تاہم شو میں ایک خصوصی سیگمنٹ کی وجہ سے انٹرنیٹ پر صارفین کی جانب سے کمنٹس کے انبار لگ گئے، صارفین نے محسوس کیا کہ کپل نے جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے ارون کمار (ایٹلی) سے اپنے سوال میں ان کی تضحیک کی۔ اس حوالے ایک کلپ کے سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد کپل پر فلمساز ایٹلی سے نسل پرستی کا الزام لگا جس کے نتیجے میں کپل شرما کی آن لائن بری طرح ٹرولنگ کی گئی۔ اس تنازع پر اب کپل نے اپنی خاموشی ختم کرتے ہوئے ایک انٹرنیٹ صارف کو ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جواب دیا ہے۔اس صارف نے ایک کلپ شیئر کی جس میں کپل، ایٹلی سے پوچھتے ہیں کہ ایٹلی سر آپ کافی نوجوانی میں اتنے بڑے پروڈیوسر اور ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔ کبھی آپکے ساتھ ایسا ہوا کہ کبھی آپ کسی اسٹار سے پہلی بار ملنے گئے اور اس کو لگا ہی نہ ہو کہ آپ ایٹلی ہیں اور اس نے پوچھا کہا ہیں ایٹلی؟ اس کلپ کے ساتھ نیٹ صارف نے لکھا کپل شرما نے بڑی باریکی سے ایٹلی کی ظاہری شکل و صورت کی توہین کی۔ ایٹلی نے باس کی طرح جواب دیا کہ ظاہر سے مت پرکھو بلکہ دل سے پرکھو۔ اس پوسٹ کو کپل نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے پوچھا: ڈیئر سر کیا آپ وضاحت کرسکتے ہیں کہ کب اور کہاں میں نے اس ویڈیو میں ظاہری شکل و صورت کی بات کی؟ برائے مہربانی سوشل میڈیا پر نفرتیں نہ پھیلائیں۔ شکریہ، لوگوں آپ بھی خود دیکھ کر فیصلہ کریں، دوسرے کے ٹوئٹس پر فالو نہ کریں۔ کپل کے اس جواب کے بعد انٹرنیٹ صارفین تقسیم ہوگئے۔ کچھ نے تو وہی تنقید کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ کپل نے تو صرف ایٹلی کی نوجوانی پر بات کی۔