وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن عظمی کاردار کا دورہ گجرات، پولیو مہم کا جائزہ اور میڈیا سے گفتگو

Published: 18-12-2024

Cinque Terre

گجرات (چوہدری نصیر افضل سے) وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمیٰ کاردار نے گجرات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک سے ملاقات کی اور پولیو مہم کا جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا۔ اجلاس کے موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نے محترمہ عظمٰی کاردار کو 16 سے 20 دسمبر تک جاری پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پولیو کے خلاف جاری اقدامات اور مہم کے اہداف پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن عظمٰی کاردار نے کہا پنجاب حکومت پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور مہم کے تمام مراحل کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔  وزیر اعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن عظمٰی کاردار نے مہم میں شامل تمام ٹیموں اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو پولیو ویکسین پلوانے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔  ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع گجرات میں پانچ سال سے کم عمر کے 514,982 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 463,484 بچوں کو وٹامن اے کی خوراک دی جائے گی تاکہ ان کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے 5,169 اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔  بعدازاں، عظمٰی کاردار نے ڈی سی آفس گجرات کے کمیٹی روم میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا دورہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر عمل میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب کے دیگر اضلاع کا بھی دورہ کریں گی اور گجرات میں جاری پولیو مہم پر اطمینان کا اظہار کیا۔