کیڈٹ کالج جھنگ میں ہالی ووڈ پروڈیوسر ممتاز حسین کے اعزاز میں دو تقریبات کا انعقاد

Published: 23-12-2024

Cinque Terre

جھنگ(چوھدری بلال خان بیوروچیف)کیڈٹ کالج جھنگ میں ہالی ووڈ پروڈیوسر ممتاز حسین کے اعزاز میں دو تقریبات کا انعقاد‘جھنگ کیڈٹ کالج جھنگ میں امریکہ کے ممتاز حسین، جو کہ ہالی ووڈ کے پروڈیوسر، معروف فلم ساز، مصنف، اور شورٹ فلم بنانے والے ہیں کے اعزاز میں دو پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پہلی تقریب ان کی کتاب‘پورٹریٹ ان ورڈز’کی رونمائی کے لیے تھی، جس میں جھنگ چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹری، جھنگ چیمبر آف کامرس، انجمن تاجران، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، جھنگ پوسٹ گریجویٹ کالج، جھنگ یونیورسٹی، جھنگ کی پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن، وکلاء ایسوسی ایشن، ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، ریٹائرڈ ملٹری افسران، اور روٹری کلب جھنگ صدر، روٹری کلب جھنگ سینٹرل، اور روٹری کلب جھنگ کانٹینینٹل کے نمائندگان نے شرکت کی۔کیڈٹس نے ممتاز حسین کی نئی کتاب سے مختلف اسکرپٹس پڑھ کر سنائے اور ان پر اداکاری بھی کی۔ سوال و جواب کے سیشن میں کیڈٹس نے ان سے رہنمائی حاصل کی، جو ان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوئی۔دوسری تقریب“پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ”کی تھی، جس میں ممتاز حسین کو“Son of the Soil”کا ایوارڈ تمام سماجی تنظیمات نے مشترکہ طور پر پیش کیا۔ اس موقع پر سی ای او کیڈٹ کالج جھنگ، کمانڈر (ر) صہیب فاروق نے اعلان کیا کہ کالج کی ڈرامیٹک سوسائٹی کا نام“ممتاز حسین ڈرامہ کلب”رکھا جائے گا تاکہ کیڈٹس ممتاز حسین کے کارناموں سے متاثر ہوکر فنونِ لطیفہ کی طرف زیادہ رغبت حاصل کریں۔تقریب کا اختتام ایک شاندار زہرانے پر ہوا، جہاں شرکاء نے ممتاز حسین کے ہالی ووڈ اور ادبی میدان میں کارناموں کی بھرپور تعریف کی۔ یہ تقریبات کیڈٹس کے لیے نہ صرف تعلیمی بلکہ حوصلہ افزا بھی ثابت ہوئیں، جس سے ان میں خود اعتمادی اور تخلیقی صلاحیتوں کو مزید جِلا ملی۔