Published: 27-08-2022
دبئی: انجری کے باعث محمد وسیم جونیئرٹی ٹونٹی ایشیا کپ سے باہر ہوگئے جس کے بعد حسن علی کو بحیثیت متبادل شامل کرلیا گیا۔فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئرلیفٹ سائیڈ اسٹرین انجری کے باعث اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ دو روز قبل باؤلنگ کے دوران کمر میں تکلیف محسوس کرنے پر گزشتہ روز فاسٹ باؤلر کا ایم آر آئی اسکین کروایا گیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے میڈیکل پینل نے محمد وسیم جونیئر کی انجری کا اعلان ایم آر آئی کی رپورٹ کا مکمل جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔ اس دوران پی سی بی کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور ایک آزاد فزیو سےبھی مشاورت کی گئی ہے۔محمد وسیم جونیئر اب اپنا ری ہیب مکمل کریں گے۔ پی سی بی کا میڈیکل پینل اب انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل محمد وسیم جونیئر کی انجری کا دوبارہ جائزہ لے گا، جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری جانب، فاسٹ باؤلر حسن علی کو محمد وسیم جونیئر کے متبادل کی حیثیت سے دبئی میں قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کی اسکواڈ میں شمولیت ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے مشروط ہے۔ ای ٹی سی کی منظوری کے بعد حسن علی پہلی دستیاب فلائیٹ پر دبئی روانہ ہوجائیں گے۔ٹیم منیجمنٹ نے محمد وسیم جونیئر کی جگہ حسن علی کی اسکواڈ میں شمولیت کی درخواست کی تھی جسے چیف سلیکٹر نے منظور کرلیا۔وہ گزشتہ تین ہفتوں سے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں باؤلنگ کررہے ہیں، وہ فی الحال نیشنل ٹی ٹونٹی میں شرکت کے لئے راولپنڈی میں موجود ہیں.