Published: 30-08-2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی ٹیم کے سابق بھارتی کھلاڑی گوتم گمبھیر کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل نجی چینل کے ایک شو میں انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ ’’میرے خیال میں گوتم گمبھیر ایک ایسا کھلاڑی ہے جسے بھارتی ٹیم میں بھی کوئی پسند نہیں کرتا‘‘۔شاہد آفریدی نے صورتحال واضح کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایسا نہیں ہے کہ میں نے کسی بھارتی کھلاڑی سے لڑائی کی ہو لیکن گوتم گمبھیر کے ساتھ کبھی کبھی سوشل میڈیا پر جھگڑا ہو جاتا ہے‘‘۔شو میں بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہربجن سنگھ بھی موجود تھے جو شاہد آفریدی کی بات پر تبصرہ دینے کے بجائے ہنستے رہے۔ تاہم، بھارتی شائقین کی جانب سے شاہد آفریدی کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔واضح رہے کہ کرکٹ اور کچھ سیاسی معاملات پر شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر کے درمیان ٹویٹر پر کئی مرتبہ جھگڑا ہوچکا ہے۔