Published: 01-09-2022
دبئی: ایشیاکپ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان اور بھارت کی دونوں ٹیموں کو میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ کردیا گیا۔اتوار کو دبئی میں کھیلے گئے اعصاب شکن مقابلے میں دونوں ٹیمیں مقررہ اوورز تک دو دو اوورز پیچھے رہیں تھیں، جس پر میچ ریفری جیف کروو نے سزا کے طور پر دونوں کپتانوں کو فی اوور 20 فیصد میچ فیس جرمانہ کیا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے جرمانہ قبول کرلیا۔پاکستان مقررہ وقت تک 20 اوورز کرانے میں ناکام رہا تھا اور محض 17 اوورز ہی کراسکا تھا، نتیجتاً اسے بقیہ 3 اوورز میں پانچ فیلڈرز دائرے کے اندر رکھنے پڑے تھے۔اس میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارتی ٹیم نے 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ آل راؤنڈ پرفارمنس پر ہاردک پانڈیا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔واضح رہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 2 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف جمعہ کے روز کھیلے گی۔