ہماری ٹیم بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے، شاہد آفریدی

Published: 04-09-2022

Cinque Terre

 کراچی: سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کپ کا فاتح بن سکتا ہے، قومی ٹیم روایتی حریف بھارت کو سپر فور مرحلے میں شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔پی اے ایف کنونشن سینٹر میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان کی کارکردگی بہتر ہے، بھارت کے خلاف لیگ میچ میں پاکستان نے بہترین مقابلہ کیا جس سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوا، ہانگ کانگ کے خلاف شاندار فتح سے بھی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، اب سپر فور مرحلے میں ایک بار پھر بھارت سے مقابلے میں اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔انہوں ںے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان میچ جیتنے میں کامیاب رہے گا، پاکستان ہی میری فیوریٹ ٹیم ہے، اب تک ہماری بولنگ اور بیٹنگ بہت زبردست رہی ہے، ہماری ٹیم میں تمام تر خصوصیات موجود ہیں جبکہ اس کی کارکردگی دن بدن بہتری کی جانب مائل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کے اَن فٹ ہونے سے زیادہ اثر نہیں پڑا، یہ بھی اچھا ہوا کہ بینچ پر بیٹھے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آگئے۔ایک سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ عالمی کپ کے انعقاد سے قبل ایشیا کپ میں شرکت کا بہت فائدہ ہوگا جبکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کے پاکستان آنے سے بھی قومی ٹیم کی میگا یونٹ کے لیے تیاریوں میں اچھی مدد ملے گی۔