Published: 11-10-2022
کراچی: بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج کی جانب سے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقا کے بلے باز ڈیوڈ ملر کو چالاکی سے رن آؤٹ کرنے کی کوشش مہنگی پڑگئی۔میچ کے 48ویں اوور میں محمد سراج نے کیشو مہاراج کو گیند کروائی جسے وہ کھیل نہ سکے اور گیند وکٹ کیپر کے پاس چلی گئی۔ وکٹ کیپر نے گیند واپس فاسٹ بولر کو دی لیکن انہوں نے نان اسٹرائیکر اینڈ پر کریز سے باہر کھڑے ڈیوڈ ملر کو رن آؤٹ کرنے کے لیے گیند وکٹ کی طرف پھینکی۔محمد سراج کی جانب سے پھینکی گئی گیند وکٹ پر تو نہ لگی البتہ گیند باؤنڈری پار کر گئی جس کے نتیجے میں جنوبی افریقی ٹیم کو 4 رنز مل گئے۔ کرکٹ قوانین کے مطابق رن آؤٹ کرنے کی کوشش میں گیند پھینکنے کو ’’اوور تھرو قرار‘‘ دیا جاتا ہے۔مہمان ٹیم کو 4 رنز ملنے پر فاسٹ بولر محمد سراج ناراض نظر آئے اور انہوں نے امپائر سے بحث شروع کر دی تاہم امپائر اپنے فیصلے پر قائم رہے۔واضح رہے کہ سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔