سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر کی ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم سلیکشن پر تنقید

Published: 30-10-2022

Cinque Terre

ممبئی: سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے بھی پاکستان ٹیم سلیکشن پر پاکستان ٹیم مینجمنٹ کوآڑے ہاتھوں لے لیا۔ایک ٹی وی پروگرام کے دوران سابق بھارتی کپتان نے پاکستان کے بولر وسیم جونیئر کو بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس تو ہاردک پانڈیا جیسا وسیم جونیئر ہے، ان کا کہنا تھا کہ وسیم نیا ہے لیکن میرا اندازہ ہے کہ وہ شاٹس کے ساتھ آپ کو اچھے اوورز بھی دے سکتا ہے۔پاک بھارت میچ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف وسیم کو نہیں کھلایا لیکن اس کے بجائے دو اسپنرز کھلائے۔ انہوں نے پاکستان کے اس فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سڈنی میں تو ٹھیک لیکن دوسرے وینیوز پر ٹھیک نہیں۔انہوں نے پاکستان کو مشورہ دیا کہ آسٹریلوی کنڈیشنز کے مطابق اگر ان کے پاس وسیم جونیئر جیسا سیم کرسکتا ہو اور 2 شاٹس بھی مارتا ہو تو اسے کھلائیں کیونکہ وسیم نے زمبابوے کے خلاف ایسا کیا بھی ہے اور اس میں ٹیلنٹ ہے۔سنیل گواسکر نے مزید کہا کہ پاکستان کا مڈل آرڈر بیٹنگ سیٹ نہیں ہے، پہلے فخر زمان نمبر تین پر تھے اب وہ صرف اسکواڈ میں ہیں۔سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ شان مسعود اب نمبر تین پر ہیں، اگرچہ وہ رنز کر رہے ہیں لیکن پاکستان کی سلیکشن درست نہیں، آپ کو ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہے جو تین چار اوورز کرے اور آخری چند اوورز میں 30 رنز بنا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو میلبورن میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں چار وکٹوں سے شکست ہوئی تھی ، ویرات کوہلی کی شاندار کوشش نے بھارتی ٹیم کو  ڈرامائی انداز میں آخری اوور کے اختتام تک پہنچایا اور جیت اپنے نام کی۔تاہم  بابر الیون اس  دھچکے سے باہر  نہ آ سکی اور  جمعرات کو پرتھ میں زمبابوے کے ہاتھوں بھی شکست سے دوچار ہوئی۔یاد رہے کہ پاکستان کل 30  اکتوبر کو ہالینڈ کے خلاف اوپٹس اسٹیڈیم میں واپس فارم میں آنے کی کوشش  کرے گا۔