سیمی فائنل میں فتح پر صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کی قومی ٹیم کو مبارک باد

Published: 10-11-2022

Cinque Terre

ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار فتح پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف نے قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔صدر مملکت نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ’شاہین آفریدی، بابراعظم، محمد رضوان اور ہمارے مستقبل کے اہم کھلاڑی محمد حارث سمیت پوری ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا‘۔ انہوں نے لکھا کہ گرین شرٹس یقیناً ہمارے لیے فخر کا باعث ہیں، فائنل کے لیے ہماری ڈھیروں نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں، انشاءاللہ جیت آپ کی ہوگی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل جیتنے پر شاباش دی اور لکھا کہ ’جذبہ ،عزم اور نظم و ضبط کے ساتھ ناقابل یقین واپسی ہوئی، ویل ڈن پاکستان ٹیم !‘۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل جیتنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہترین پرفارمنس کے ساتھ سیمی فائنل جیتنے پر ٹیم پاکستان کو مبارک باد، فائنل کے لیےگڈلک، پاکستان زندہ باد۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں مسلح افواج کی جانب سے بھی قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارک باد پیش کی گئی ہے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، بلاول بھٹو، احسن اقبال، مریم نواز سمیت دیگر سیاسی قائدین نے بھی شاندار فتح پر قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔ یاد رہے کہ قومی ٹیم نے ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔اُدھر وزیراعظم شہباز شریف نے قومی ویمنز ٹیم کو بھی آئرلینڈ کے خلاف کلین سوئپ کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا، یوں ہی چمکتی دمکتی رہیں‘۔