مجھے گریڈ ون کرکٹ بھی کھیلنے نہیں دی جارہی ہے، عمر اکمل کا شکوہ

Published: 12-11-2022

Cinque Terre

 کراچی: قومی ٹیم کے بلے باز عمراکمل نے کہا ہے کہ میرے مستقبل کا فیصلہ پی سی بی نے کرنا ہے، معلوم نہیں کہ مجھے گریڈ ون کرکٹ کیوں نہیں کھیلنے دی جارہی۔ان خیالات کا اظہار عمر اکمل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے د فتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عمراکمل نے کہا کہ پاکستانی سلیکٹرز سے پوچھا جائے کہ مجھے لیول ٹو کرکٹ تک کیوں محدود رکھا جارہا ہے، مجھے گریڈ ون ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بھی موقع نہیں دیا گیا، اگر مجھے گریڈ ون کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے تو دنیا کوپتہ چل جائے گا کہ میری کرکٹ کس سطح کی ہے اورمیری کارکردگی کا معیار کیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ ہرکھلاڑی پراچھا اوربراوقت آتا ہے، میں بھی برے وقت سے گزرا ہوں،کرکٹ ایسوسی ایشنز ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کے دوران کراچی میں طبعیت خراب ہونے کے بعد بہت تکلیف میں تھا، پی سی بی اورکوئٹہ گلیڈیٹر کے ندیم عمر کا شکر گزارہوں کہ انہوں نے بھرپور تعاون اورمدد کی۔ایک سوال کے جواب میں عمراکمل نے کہا کہ میں مسلسل محنت کررہا ہوں، میری فٹنس میں بھی بہتری آئی ہے، میری فیملی اس وقت مجھے بہت زیادہ حوصلہ دے رہی ہے، خواہش ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کروں اورمیری جوکرکٹ رہ گئی ہے،وہ ملک کے لیے کھیلوں۔عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ پاکستان نے میگا ایونٹ میں زبردست انداذ میں کم بیک کیا، بابراعظم اور پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، شروع میں ٹیم پربہت تنقید ہورہی تھی،قومی ٹیم مشکل وقت سے نکل آئی،امید ہے کہ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف کامیابی ملے گی،دنیا بھرمیں موجود پاکستانیوں کی طرح میں بھی دعا گو ہوں کہ پاکستان ایک مرتبہ پھرعالمی چیمپئین بنے اورعالمی کپ دوبارہ پاکستان آئے۔