پاکستان یا انگلینڈ؟ ٹی 20 ورلڈکپ کا دنگل آج سجے گا

Published: 13-11-2022

Cinque Terre

میلبرن: آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل آج انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا، شاہین 1992 کی تاریخ دہرانے کیلیے تیار ہیں جبکہ انگلش ٹیم بھی جیت کے لیے پُرعزم دکھائی رے رہی ہے۔پاکستانی وقت کے مطابق ٹی 20 کا فائنل دوپہر ایک بجے شروع ہوگا تاہم بارش کے امکان کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانی شاہینوں کی جیت کے لیے پُرامید اور دعا گو ہیں اور اُن کا ماننا ہے کہ آج اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اگر اتوار کو بارش ہوجاتی ہے اور میچ نہیں ہوتا تو پیر کو دونوں ٹیموں کے درمیان دس اوورز کا میچ کھیلا جائے گا اور اگر متبادل روز بھی فائنل نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ٹی 20 کا فاتح قرار دیا جائے گا۔قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میلبرن میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ میچ کا پریشر ہوتا ہے لیکن کوشش کریں گے کہ دباؤ نہ لیں، اس ورلڈ کپ کو 1992 کے ورلڈ کپ سے تشبیہہ دی جارہی ہے، ہم پراعتماد ہیں اور بالکل بھی پریشان نہیں ہیں، تمام کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں۔بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف فائنل کے لیے جو پلان بنایا ہے اس پر عمل کرنا ہے۔ سارے کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے پرجوش ہیں۔ انگلینڈ بہترین ٹیم ہے ہماری ان سے ہوم سیریز ہوچکی ہے۔ فائنل میں اپنا سو فیصد دیں گے۔واضح رہے کہ 30 سال قبل 1992 میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ورلڈکپ میں آسٹریلیا میں ہی مدمقابل تھیں، جس میں عمران خان کی کپتانی میں کھیلنے والی ٹیم نے پہلی بار پاکستان کو عالمی چیمپئن بنایا تھا۔شائقین کرکٹ ٹی 20 ورلڈکپ کو بھی 1992ء سے جوڑ رہے ہیں اور وہ دلچسپ نشانیاں بیان بھی کرتے ہوئے امید کا اظہار کررہے ہیں کہ پاکستان ایک بار پھر تاریخ دہراتے ہوئے ٹی 20 کا فاتح بھی بن جائے گا۔