Published: 14-11-2022
میلبرن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 ورلڈکپ میں شکست کے بعد سماجی رابطے کی سائٹ پر پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے تمام کھلاڑیوں سچا سپاہی قرار دیا ہے۔ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بابر اعظم نے لکھا کہ ’الحمد اللہ اس سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں ہوسکتی کہ آپ سب کھلاڑیوں نے ایک سچے سپاہی کی طرح مقابلہ کیا‘۔انہوں نے سپورٹ کرنے پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد بھی لکھا۔واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 کے چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے 138 رنز کے ہدف کو انگلش ٹیم نے 19ویں اوور میں حاصل کیا۔بین اسٹوکس نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو چیمپئن بنوایا۔