Published: 12-12-2022
چنائے: بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں آنے والے سمندری طوفان مینڈوس نے تباہی مچادی، جس میں چار افراد ہلاک جبکہ متعدد گھر مکمل تباہ ہوگئے ہیں۔خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے مختلف اضلاع میں ہفتے کی شب طوفانی بارشیں شروع ہوئیں جس کے نتیجے میں درخت، بل بورڈ اور کھمبے گرگئے جبکہ سمندر میں طغیانی کی وجہ سے رہائشی علاقوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا۔سرکاری حکام کے مطابق سمندری طوفان اور بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف واقعات میں اب تک 4 شہری ہلاک ہوئے ہیں جبکہ صورت حال کے پیش نظر اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔طوفان اور بارشوں کی وجہ سے ریاست تامل ناڈو کے مختلف اضلاع میں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا جس کی وجہ سے علاقہ بجلی سے محروم ہے۔تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے بتایا کہ مینڈوس طوفان کے نتیجے میں 185 گھر متاثر ہوئے جبکہ دارالحکومت چنائے میں چار سو سے زائد درخت بھی گر گئے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں سے 9 ہزار کے قریب شہریوں کو حفاظتی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔