Published: 20-03-2023
ریاض / تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شاہ سلمان کی جانب سے سعودی عرب کے دورے کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب سے ملاقات کے لیے تین مقامات تجویز کردیے۔غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امورمحمد جمشیدی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ سعودی فرمانروا نے صدر ابراہیم رئیسی کو ریاض مدعو کرلیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط معاشی و سیاسی تعاون پر زور دیا ہے۔محمد جمشیدی کے مطابق ایرانی صدر نے شاہ سلمان کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران سعودی عرب سے تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کا کہنا ہے کہ وہ سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ ملاقات کے لیے تین مقامات زیرغور ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات سات سال سے منقطع تھے تاہم چین کی کوششوں کے نتیجے میں دس مارچ کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے۔سعودی عرب نے شیعہ عالم نمرالنمرکی پھانسی کے بعد ایران میں سعودی سفارتکاروں پر مظاہرین کے حملوں کے بعد ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرلیے تھے۔تاہم تعلقات کی بحالی کے بعد دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے سفارت خانے فعال ہوجانے کا امکان ہے۔