شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ، امریکا کی مذمت

Published: 20-03-2023

Cinque Terre

 شمالی کوریا نے میزائل تجربات کے سلسلسے کوجاری رکھتے ہوئے ایک اور شارٹ رینج  بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا، جاپان اور امریکا نے میزائل کے تجربے کی مذمت کی ہے۔عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا نے  اتوار کو جزیرہ نما کوریا کے مشرقی ساحل سے  بیلسٹک میزائل  داغا  جس نے سمندر میں آٹھ سو کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔جاپان کی وزارت دفاع کے مطابق میزائل فضا میں پچاس کلومیٹر تک بلند ہوا۔پاکستانی وقت کے مطابق بیلسٹک میزائل کی آزمائش اتوار کو صبح سات بج کر پانچ منٹ پر کی گئی۔یو ایس انڈو پیسیفک کمانڈ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بیان جاری  کیا ہے کہ میزائل کے تجربے سے امریکی فوجیوں اوراس کے اتحادیوں کو کوئی فوری خطرہ درپیش نہیں  ہے، تاہم میزائل کے حالیہ تجربات پیانگ یانگ کے  وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل پروگرام کے خطے میں عدم استحکام  پیدا کرنے والے اثرات کو ظاہر کرتے  ہیں۔جنوبی کوریا  نے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کرتے  ہوئے اسے اقوام متحدہ  کی قرارداد کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔بیلسٹک میزائل کے تجربے کے  فوری بعد جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کی جانب سے بیان جاری کیا گیا  کہ امریکا نے سیول کے ساتھ مشترکہ فضائی مشقوں کے لیے  بی ون بی  بمبار طیارے روانہ کردیے ہیں۔جاپان کے وزیرمملکت برائے دفاع توشیرو اینو نے نیوزکانفرنس میں شمالی کوریا کے میزائل تجربے کو جاپان کی سیکیورٹی، خطے اور عالمی برادری کے لیے خطرہ اور ناقابل برداشت قرار دیا۔  انہوں نے بتایا کہ میزائل جاپان کے اکنامک زون کی حدود سے  باہر گرا ہے۔