نئے کھلاڑی بابراعظم جیسا نہیں کھیل سکتے، حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، شاداب

Published: 28-03-2023

Cinque Terre

شارجہ: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان کا کہنا ہے کہ نئے کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔شارجہ میں افغانستان کیخلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کپتان شاداب خان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر تنقید نہ کی جائے۔ یہی پلیئرز مستقبل میں پرفارم کریں گے۔شاداب خان کا کہنا تھا کہ سب کہتے تھے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو چانس دینا چاہیے۔ نئے کھلاڑی غلطیاں بھی کریں گے وہ آتے ہی بابر اعظم کی طرح تو نہیں کھیل سکتے۔ اس کے لیے تھوڑا وقت لگتا ہے۔شاداب خان نے مزید کہا کہ اس سیریز کا مقصد اپنی بینچ اسٹرینتھ   کو چیک کرنا تھا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑی پاکستان کے لیے مستقبل میں اچھی پرفارمنس دیں گے۔ افغانستان نے 3 میچز کی ٹی 20 سیریز میں 2 میچز جیت کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا آخری میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔