Published: 30-03-2023
مایہ ناز فٹبالر اور ارجنٹائن کی ٹیم کے کپتان لیونل میسی نے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنا 100واں گول اسکور کرکے تاریخ رقم کردی۔میسی یہ سنگ میل حاصل کرنے والے دنیا کے تیسرے اور ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے پہلے فٹبالر ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق لیونل میسی نے یہ سنگ میل کیوراکاؤ کے خلاف ایک دوستانہ میچ میں حاصل کیا۔ کیوراکاؤ کی ٹیم کو اس میچ میں 0-7 سے شکست ہوئی۔ اس میچ میں اسٹار فٹبالرنے لگا تار 3 گول کرکے کیریئر کی ساتویں ہیٹ ٹرک مکمل کی۔دسمبر 2022 میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں فرانس کو شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کے بعد سے ارجنٹائن کا یہ دوسرا میچ تھا۔لیونل میسی سے قبل پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو ( 122 گول) اور ایرانی لیجنڈ علی داعی (109 گول) فٹبال کے عالمی مقابلوں میں 100 کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔35سالہ فٹبالر کو 100 گول کے سنگ میل تک پہنچنے میں 17 سال کا عرصہ لگا۔ انہوں نے مارچ 2006میں ارجنٹائن کی جانب سے اپنا پہلا میچ کروشیا کے خلاف کھیلا تھا۔لیونل میسی کے 100 واں گول اسکور کرنے پران کے مداح بے حد خوش ہیں اورسوشل میڈیا پراپنی مسرت کا اظہار کررہے ہیں۔