ایمریٹس ایئرکا امریکی ایئرلائن سے کوڈ شیئرمعاہدہ طے پاگیا

Published: 31-03-2023

Cinque Terre

  کراچی: متحدہ عرب امارات  کی ایئرلائن ایمریٹس کا امریکا کی یونائیٹڈ ایئرلائنز سے کوڈ شیئر معاہدہ طے پاگیا جس کے بعد ایمریٹس کو 150 سے زائد امریکی شہروں تک رسائی حاصل ہوجائے گی۔ایمریٹس ایئر کے ترجمان کے مطابق ایمریٹس کے صارفین امریکا کے تین بڑے کاروباری مراکز شکاگو، ہیوسٹن یا سان فرانسسکو سے  یونائیٹڈ ایئرلائن کی پروازوں کے ذریعے ڈیڑھ سو امریکی شہروں تک جاسکیں گے۔اس شراکت داری کی بدولت اب ایمریٹس کے پاکستانی مسافر بھی لاس ویگاس، ڈینور، آسٹن سمیت اپنے پسندیدہ شہروں تک آسانی سے پہنچ سکیں گے۔اس معاہدے کے بعد مشرق وسطیٰ، افریقہ، وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا سمیت متعدد منفرد مقامات کا سفر کرنے والے امریکی مسافروں کے لیے دبئی سے باہر ایمریٹس کے وسیع نیٹ ورک تک رسائی کے ساتھ دنیا زیادہ وسیع ہوجائے گی۔ایمریٹس کی کوڈ شیئر پروازوں میں سفر کرنے والے مسافر اپنے پورے سفر کی منصوبہ بندی سنگل ٹکٹ پر کرسکیں گے۔ مسافر اس سفر کے دوران ایئرلائن کے سامان الاؤنس سے فائدہ اٹھا سکیں گے، اورمنزل مقصود تک اپنے بیگ کو آسان انداز سے چیک تھرو بھی کراسکیں گے۔ایمریٹس کے اسکائی وارڈز کے ممبرز بھی یونائیٹڈ کے عالمی نیٹ ورک کی تمام پروازوں پر مائلز حاصل کرسکیں گے۔اس معاہدے کے تحت مسافروں کو تینوں گیٹ ویز کے ذریعے اٹلانٹا، آسٹن، ڈینور، منیاپولس اور فینکس جیسے متعدد مشہور مقامات تک رسائی میسر آئے گی۔  ایمریٹس کے وہ مسافر جو ڈیٹرائٹ جیسے مقامات کے سفر کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں وہ دبئی سے شکاگو یا ہیوسٹن کے لیے براہ راست پرواز کرسکیں گے۔یہ باہمی سہولیات دبئی جانے کے لیے ایمریٹس کی سفری خدمات کے ذریعے امریکا سے باہر جانے والے مسافروں کو بھی فراہم کی جائیں گی۔