Published: 04-04-2023
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت اگلے ماہ ہونے والے انتخابات میں امریکہ کو سبق سکھائے گی.بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ انتخابات سے قبل حزب اختلاف سے ملاقات کرنے پر امریکی سفیر کو شرم آنی چاہیے، آپ ایک سفیر ہیں۔طیب اردوان کا مذکورہ بالا بیان امریکی سفیر جیف فلیک کی اپوزیشن ریپبلکن پیپلز پارٹی (CHP) کے سربراہ کمال کلیداروگلو سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ ترک صدر نے ملاقات پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو سبق سکھائیں گے۔ اُسے عقل استعمال کرنی چاہیے اور شرم آنی چاہیے۔اپنے اتحادی، نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی (MHP) کی یوتھ برانچ، الٹرا نیشنلسٹ آئیڈیلسٹ ہرتھز گروپ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اردوان کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر جا کر مسٹر کمال سے ملاقات کرتا ہے۔ شرم آنی چاہیے، آپ ایک سفیر ہیں۔ یہاں آپ کا رابطہ صرف صدر سے ہونا چاہیے۔ترک صدر نے امریکی سفیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دروازے اب مکالمے کے لیے بند ہو گئے ہیں۔ آپ مجھ سے اب نہیں مل سکتے اور کیوں؟ یہ آپ کو معلوم ہو جائے گا۔ ایک سفیر کے فرائض کیا ہوتے ہیں اور وہ کیسے کام کرتا ہے، یہ آپ جان جائیں گے۔