Published: 04-04-2023
کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے کہا ہے کہ اگر بھارت ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کو بھی بھارت نہیں جانا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معین خان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ پاکستان میں نہ ہوا تو ورلڈ کپ بھی بھارت کے بجائے نیوٹرل مقام پر کروایا جائے، بھارت پیسے کی دھونس کے ذریعے دوسرے کرکٹ بورڈز پر اپنی مرضی نہیں تھونپ سکتا۔معین خان نے کہا کہ اگر بھارت ایشیا کپ نیوٹرل مقام پر کھیلے گا تو پاکستان کے ورلڈ کپ میچز بھی نیوٹرل مقام پر کرائے جائیں۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ ہونی چاہیے اور اس کیلئے دونوں ممالک کے بورڈز بات چیت کریں، وجوہات معلوم ہونی چاہئیں کہ کیوں بھارت پاکستان آنے سے کتراتا ہے؟۔معین خان نے 8 ویں کارپوریٹ رمضان ٹی 20 کپ کی لانچنگ تقریب کے موقع پر کہا کہ 3 سال کے وقفے کے بعد یہ ایونٹ دوبارہ ہورہا ہے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بندش اور کورونا کی وجہ سے ایونٹ نہیں ہوسکا۔معین خان نے کہا کہ اس سال بدقسمتی سے ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں ایونٹ کا حصہ نہیں لیکن پاکستان کے ٹاپ اسٹارز اور نوجوان کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے، ٹورنامنٹ کا مقصد کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے۔تقریب میں قومی اور سابق کرکٹرز نے بھی شرکت کی، ایونٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں، ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ایونٹ 7-15 اپریل تک جاری رہے گا۔ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم 20 لاکھ روپے رکھی گٸی ہے، ونر کو 10 لاکھ جب کہ رنر اپ کو 5 لاکھ روپے ملیں گے، ایونٹ کا پہلا میچ نماٸشی ہوگا جس میں فنکار جلوہ گر ہوں گے۔