Published: 16-04-2023
مکہ مکرمہ: خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کا فرش گرم ترین دنوں میں بھی ٹھنڈا رہنے کی وجہ سامنے آگئی۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شدید گرمی میں بھی حرمین شریفین کے چمکتے فرش کی ٹھنڈک کی وجہ یونان سے لایا جانے والا منفرد خصوصیات رکھنے والا سنگ مرمر ہے۔رپورٹ کے مطابق یونان کے مشرقی جزیرے تھاسوس کی کان سے نکلنے والا خالص سفید اور چمک رکھنے کے باعث ’ سنو وائٹ ‘ کہلایا جانے والا سنگ مرمر سب سے کم گرمی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماربل فراہم کرنے والی کمپن کا کہنا ہے کہ اس سنگ مرمر کے ٹائلوں کی قیمت ڈھائی سو اور چار سو ڈالر فی مربع میٹر کے درمیان ہوسکتی ہے۔جنرل پریذیڈنسی میں حرمین شریفین کے تکنیکی، آپریشنل اور دیکھ بھال کے امور کے انڈر سیکریٹری جنرل انجینیئر فارس آل سعیدی کے مطابق تھاسوس سنگ مرمر شدید گرمی میں بھی انتہائی ٹھنڈا رہتا ہے یہاں تک کہ موسم گرما میں درجہ حرارت 50 سے 55 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے۔ حرمین شریفین کے 40 سے زیادہ انجینئرز اور ٹیکنیشنز 24 گھنٹے سنگ مرمر کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ماربل کی ہر ٹائل پانچ سینٹی میٹر موٹی ہوتی ہے۔ جو چیز سنگ مرمر کو نمایاں کرتی ہے وہ رات کے وقت اپنے نازک سوراخوں سے نمی جذب کرنے اور دن کے وقت اس نمی کو چھوڑنے کی اس کی صلاحیت ہے جس کی بدولت وہ زیادہ درجہ حرارت میں بھی ٹھنڈا رہتا ہے۔سنگ مرمر پتھر کے بڑے بلاکس کی شکل میں تھاسوس سے درآمد کیا جاتا ہے اور مکہ مکرمہ کی مساجد کی تعمیر و ترقی کی نگرانی کرنے والی ایک معروف کمپنی کے ذریعے سعودی عرب کے کارخانوں میں پروسیس کر کے تیار کیا جاتا ہے۔