Published: 19-04-2023
ممبئی: ایپل کمپنی کے سی ای او ٹِم کُک نے ممبئی میں بھارت کے پہلے باقاعدہ ایپل اسٹورکا افتتاح کردیا ہے۔ ٹم نے اسٹور پر آنے والے صارفین کو خوش آمدید کہا اور ان سے گفتگو بھی کی۔توقع ہے کہ ٹم ابھی بھارت میں ہی رہیں گے اور اس جمعرات کو دہلی میں دوسرے ایپل اسٹور کا افتتاح بھی کریں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ایک جانب تو ایپل کارپوریشن کو صارفین تک رسائی میں مدد ملے گی تو دوسری جانب بھارت میں ایپل مصنوعات کی تیاری کے مراحل بھی طے ہوں گے۔ٹم کے مطابق ان کی کمپنی کو بھارت میں کام کرتے ہوئے 25 برس ہوچکے ہیں اور اس ضمن میں باقاعدہ (فزیکل) اسٹور کھولنا خوش آئند امر ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ یہ اسٹور مکیشن امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز کی حدود میں کھولا گیا ہے لیکن توانائی خرچ کرنے کے لحاظ سے یہ دنیا کا سب سے باکفایت اسٹور بھی ہے۔اسٹور پوری توانائی شمسی سیل کی تختیوں سے بناتا ہے اور قدرے ماحول دوست بھی ہے۔ واضح رہے کہ تمام تر ترقی کے باوجود بھارتی مارکیٹ میں ایپل کا حصہ صرف 6 فیصد ہے کیونکہ سام سنگ فون وہاں بھی غیرمعمولی طور پر مقبول ہیں۔ اس کے بعد شیاؤمی اور وائیوو فون بھی استعمال ہوتے ہیں۔اسٹور سے پہلے بھارت میں ایپل کی مصنوعات آن لائن فروخت ہورہی تھیں جن میں تھرڈ پارٹی ری سیلر کا اہم کردار تھا۔ تاہم ایپل کی تمام مصنوعات کو ایک ہی چھت تلے دکان سے خریدنا ممکن ہوگا۔سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایپل 2017 سے ہی بھارت میں اپنے فون بنارہا ہے جن میں غیرمعمولی اضافہ بھی دیکھا گیا ہے۔ اس طرح ایپل اسٹور کے لیے ایپ بنانے والے مقامی افراد کو بھی فائدہ ہوا ہے۔ صرف بھارت میں ہی دس لاکھ ڈویلپر ایسے ہیں جو آئی فون اور دیگر مصنوعات کے لیے ایپس بنارہے ہیں۔