رضوان، بابراعظم کی اوپننگ جوڑی پاکستان کیلئے نقصان دہ ہونے لگی

Published: 27-04-2023

Cinque Terre

بابراعظم کی کپتانی میں گرین شرٹس نیوزی لینڈ کی کمزور ترین ٹیم کے خلاف بھی ہوم گراؤنڈ پر سیریز جیتنے میں ناکام ہوگئے۔کمزور کیویز کے خلاف ابتدائی دو میچز میں کامیابی سمیٹنے کے باوجود قومی ٹیم سیریز میں کامیابی سمیٹنے سے قاصر رہی، بابراعظم کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں فتح سے تاحال دور ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن، ڈیون کانوے، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر، فن ایلن، مچل بریسویل اور گلین فلپس جیسے کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اُتری۔ کین ولیمسن انجری کا شکار ہوکر ورلڈکپ 2023 سے بھی باہر ہوگئے ہیں جبکہ کئی کرکٹرز آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔بابراعظم اور رضوان کیا اوپننگ کیوں کررہے ہیں؟کیویز کے خلاف ٹی20 سیریز میں بھی قومی ٹیم کے مستقل اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب کو اوپننگ سے دور رکھا گیا جبکہ تنقید کے باوجود محمد رضوان اور کپتان بابراعظم اوپننگ کیلئے آئے دونوں نے بالترتیب 5 میچوں کی سیریز میں 162 اور 130 رنز بنائے۔ اس سیریز میں بابراعظم کی ایک سینچری بھی شامل تھی۔سیریز کے پانچویں ٹی20 انٹرنیشنل میں محمد رضوان نے پہلے 16 اوورز میں 51 گیندوں پر 84 رنز بنائے جبکہ اگلے 4 اوورز میں انہوں نے 11 گیندوں پر محض 14 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔دوسری جانب فخر زمان اور صائم ایوب بھی مکمل ناکام رہے کیونکہ دونوں اوپنرز کو مڈل آرڈر میں کھلایا گیا، انہوں نے سیریز میں فخر زمان نے 4 میچز کی 3 اننگز میں 21.33 کی اوسط سے 64 رنز بنائے، اس میں 47 رنز کی ایک اننگز بھی شامل تھی جبکہ صائم ایوب 5 میچز کی 4 اننگز میں مجموعی طور پر 57 رنز بنائے، اوسط محض 14.25 رہی جس میں ایک اننگز میں 47 رنز بھی شامل تھے۔سابق کرکٹر سکندر بخت نے بابراعظم کی کپتانی پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ’’سیچویشنل کپتان‘‘ ہیں، جو لکھ کر لاتے ہیں اسی فارمولے پر چلتے ہیں، آخری میچ میں چیپمین کے خلاف افتخار احمد سے کیوں اوور نہیں کروایا گیا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد رضوان نے اپنے انفرادی سنگ میل کیلئے سلو بیٹنگ کی، انہیں چاہئیے تھا کہ وہ بڑی ہٹس لگائیں۔سابق کرکٹر اور چیف سلیکٹر محمد وسیم نے بھی بابراعظم اور محمد رضوان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ دونوں بلےباز ٹیم سے زیادہ اپنے ذاتی سنگ میل پر نظریں مرکوز رکھے ہوئے ہیں، جس سے ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل بروز 27 اپریل جمعرات سے ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3:30 بجے شروع ہوگا۔