Published: 27-04-2023
قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف سیریز ہارنے پر ٹیم سے باہر کردینا ناانصافی تھی۔معروف یوٹیوبر نادر علی نے انٹرویو کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے پیسر رومان رئیس سے سوال کیا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ سرفراز کے ساتھ ناانصافی کی گئی؟ جس پر کرکٹر نے جواب دیا کہ جس بندے نے چیمپئینز ٹرافی جتوائی ہو، ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر 7 سے نمبر تین پر لایا ہو، ون ڈے فارمیٹ میں نمبر 7 سے نمبر ون ٹو پر لایا جبکہ ٹی20 نمبر ایک ٹیم بنائی۔ اسی طرح بطور کپتان ریکارڈ 14 سیریز جتوائی ہوں ایک میچ ہارنے کے بعد کپتانی سے ہٹادیا جاتا ہے اور پھر ٹیم سے بھی ڈراپ کردیا جاتا ہے یہ زیادتی اور ناانصافی نہیں تو اور کیا ہے۔رومان رئیس نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ایک بات سامنے آئی تھی کہ عمران خان صاحب نے پاک بھارت میچ کے دوران سرفراز بھائی کو پہلے بولنگ یا بیٹنگ کرنے کا کہا تھا لیکن سیفی بھائی نے ایسا نہیں اور پھر انہیں ٹیم کی قیادت سے ہٹادیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیئے تھا کہ اگر سرفراز احمد پرفارم نہیں کررہے تو آپ مشورہ کرکے انہیں ریسٹ دیتے نہ کپتانی چھین لینی چاہیے، بھارت نے بھی ویرات کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کو ریسٹ دیا لیکن انہیں ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا۔فاسٹ بولر نے 9 ون ڈے اور 8 ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ سال 2018 میں انہوں نے آخری بار نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلا تھا۔