Published: 01-05-2023
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے بقیہ 3 میچز کیلئے اتوار کی سہہ پہر اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دونوں ٹیمیں خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچیں جنہیں پروٹوکول کے تحت صدارتی سیکیورٹی فراہم کی گئی۔کراچی ایئرپورٹ پر آمد کے بعد ٹیموں کو اولڈ ائیر پورٹ ٹرمینل سے سخت حفاظتی انتظامات کے تحت مقامی ہوٹل پہنچایا گیا، جہاں دونوں ٹیمیں پیر کو سہ پہر چار بجے سے شام سات بجے تک نیشنل اسٹیڈیم پر ٹریننگ سیشن میں شرکت کریں گی، اگلے روز منگل کو اسی دورانیہ میں مشقیں کی جائیں گی۔3 مئی کو دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ون ڈے کھیلا جائے گا، 4 مئی آرام کا دن ہوگا، 5 مئی کوچوتھا ون ڈے انٹرنیشنل طے ہے، 6 مئی کو آرام کا دن ہوگا، 7 مئی کو سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے کھیلا جائے گا۔پانچ میچز کی سیریز کے آخری تین مقابلے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے، پریکٹس سیشن اور میچز کے دوران شہر اور اسٹیڈیم کی اطرافی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سیکورٹی کا خصوصی پلان طے کرلیا گیا ہے دوسری جانب پانچ میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔