عرب لیگ اجلاس: شام کا منشیات اسمگلنگ کی روک تھام پر اتفاق

Published: 02-05-2023

Cinque Terre

عمان: شام نے اردن اور عراق کے ساتھ اپنی سرحدوں سے منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کیلئے تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے.عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام کے 12 سالہ تنازعے کے خاتمے کے لیے اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک تاریخی اجلاس ہوا جس میں خلیجی ممالک بشمول شام کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔شام، مصر، عراق، سعودی عرب اور اردن کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی جس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح شام کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لایا جائے۔اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شرکا ممالک کے سفارتکاروں نے لاکھوں بے گھر شامیوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کے راستوں کی آسانی اور شام کی سرحدوں سے منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے مربوط کوششوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ شام نے اردن اور عراق کے ساتھ سرحدوں پر منشیات اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ اس بات کی بھی نشاندہی کی جائے گی کہ کون ان ممالک میں منشیات کی پیداوار اور منتقلی کا ذمہ دار ہے۔