Published: 22-05-2023
(رپورٹ:۔ سلیمان علی بٹ سے)گجرات پولیس کے شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے احکامات کی روشنی میں پولیس لائنز گجرات میں شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر یاد گار شہدا ء پر گارڈ آف آنر پیش کیاگیااور ڈی پی او گجرات احمد نواز شاہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ ڈی پی او گجرات نے پولیس لائن میں منعقدہ تقریب کے دوران پولیس شہداء اور غازیو ں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لئے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات پولیس کے شہدا ء نے دہشت گردوں،سماج دشمن عناصر اورمعاشرے کے ناسوروں سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں،ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے اس موقع پر شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے مسائل دریافت کئے اور ان مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ انہوں نے شہداء کی فیملیز اور غازیوں کی ویلفیئر کے لئے آئی جی پنجاب کے اقدامات سے متعلق بریف کیا۔ڈی پی او گجرت نے مزید کہا کہ پولیس غازیوں کے لئے فزیو تھراپی شروع کی گئی ہے۔ شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں آپ لوگوں کو ئی بھی مسئلہ درپیش ہو آپ مجھے بتا سکتے ہیں۔ اس موقع پر شہداء کی فیملیز اور غازیوں کے لئے کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔