Published: 30-05-2023
(رپورٹ:۔ چوہدری نصیر افضل سے)سرگود ھا: احتساب کا عمل سخت کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس افسران و اہلکاروں کی اچھی کارکردگی پر حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے۔ قانون کی رٹ قائم کرنے والے، محنتی اور فرض شناس پولیس افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا سرمایہ ہیں۔ دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا نام روشن کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار آر پی او شارق کمال صدیقی نے تقریب تقسیم انعامات کے دوران کیا۔ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد آر پی او آفس سرگودھا میں کیا گیا۔ آر پی او نے سرگودھا ریجن میں خطرناک اشتہاریوں کیخلاف چلائی جا نیوالی مہم میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے36 پولیس افسرا ن و اہلکاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹ درجہ دوم اور نقد انعامات تقسیم کیے۔آر پی او کا کہنا تھا کہا کہ اچھے پولیس افسران واہلکاروں کی کارکردگی جانچنے کا واحد پیمانہ ضابطہ اخلاق کی پابندی، دیانتدار ی او رجرائم پیشہ افراد کی سرکوبی ہے۔ تمام پولیس افسران و اہلکار جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی کریں اور عوام الناس کو میرٹ پر انصاف کی فوری فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں۔ضلعی پولیس افسران اپنے ماتحت پولیس اہلکاروں کی اچھی کارکردگی پر ان کی کھل کر حوصلہ افزائی کریں۔