ٹک ٹاکر کنول آفتاب کو سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا

Published: 22-06-2023

Cinque Terre

  کراچی: گھریلو تشدد سے متعلق متنازع بیان پر ٹک ٹاکر کنول آفتاب کو سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا جس کے بعد انہوں نے معافی مانگ لی ہے۔معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوینسر کنول آفتاب نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کے ساتھ سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا تھا جس میں انہوں نے مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیے۔ایک صارف نے کنول آفتاب سے سوال کیا کہ اگر شوہر گھریلو تشدد کرتا ہو اور کوئی نوکری بھی نہیں کرے تو کیا طلاق لینا صحیح ہے؟۔اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کنول آفتاب نے لکھا کہ آپ اسکا ساتھ دینے اور ہمت بڑھانے کی کوشش کریں، طلاق کوئی راستہ نہیں ہے۔کنول آفتاب کے اس جواب پر ایک صارف نے لکھا کہ گھریلو تشدد پر آپ کہہ رہی ہیں کہ (شوہر کا) ساتھ دیں؟ سوال دوبارہ پڑھیں۔جس پر کنول آفتاب نے لکھا کہ سپورٹ کریں اسکے حالات کو بہتر اور اسکو صحیح کرنے میں۔کنول آفتاب سے ایک مداح نے سوال کیا کہ میری منگیتر کے ساتھ ہر چھوٹی بات پر لڑائی ہوجاتی ہے، کوئی مشورہ دیں جس پر کنول آفتاب نے کہا کہ اسے لڑائی کی وجہ نہ دو۔کنول آفتاب کے ان جوابات پر بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر کڑی تنقید کی جارہی ہے اور وہ الزام لگارہے ہیں کہ کنول آفتاب گھروں میں خواتین پر ہونے والے تشدد کی حمایت کررہی ہیں اور خواتین کو مشورہ دے رہی ہیں کہ شوہر چاہے جو کچھ کرتا ہو وہ بس برداشت کرتی رہیں۔بعد ازاں سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد کنول آفتاب نے وضاحت دی کہ میں جو بات کرنا چاہ رہی تھی وہ کچھ لوگ سمجھنا نہیں چاہ رہے کیونکہ انہیں کسی کو تنگ کرنے میں بہت مزہ آتا ہے۔کنول آفتاب نے کہا کہ میں نہ ہی گھریلو تشدد کو پروموٹ کررہی ہوں اور انہ اسکی حمایت کرتی ہوں لیکن اگر اب بھی آپ کو لگتا ہے کہ میں غلط ہوں تو میں معافی مانگتی ہوں۔