ورلڈکپ؛ پاکستان کا سیکیورٹی وفد بھارت کا دورہ کرے گا

Published: 05-07-2023

Cinque Terre

بھارت میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں قومی ٹیم کی شرکت سے قبل پاکستان سیکیورٹی وفد بھارت کا دورہ کرے گا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ایک سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نئے چیئرمین کے انتخاب کے بعد سیکیورٹی وفد بھارت بھیجے گی، وفد پی سی بی کی نمائندگی کے ساتھ ان مقامات کا جائزہ لے گا جہاں پاکستان کو اپنے میچز کھیلنے ہیں۔امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وفد چنئی، بنگلور، حیدرآباد، کولکتہ اور احمد آباد کا دورہ کرے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عہدیدار نے بتایا کہ ٹیم کے دورہ بھارت اور میچ وینیوز کے حوالے سے حکومت پاکستان کی کلیئرنس درکار ہوتی ہے، میگا ایونٹ میں شرکت سمیت دیگر معاملات حکومتی کلیئرنس سے مشروط ہیں۔پاکستانی سیکیورٹی وفد بھارت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کرے گا اور کھلاڑیوں، عہدیداروں، شائقین اور میڈیا کی سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا، بعدازاں بورڈ اور حکام کو آگاہ کرنے کے بعد ٹیم بھیجنے کا فیصلہ ہوگا۔اگر وفد کو کوئی خدشات ہیں تو پی سی بی رپورٹ کو آئی سی سی اور بی سی سی آئی کے ساتھ شیئر کرے گا۔قبل ازیں گزشتہ ماہ کے آخر میں وزارت دفتر خارجہ زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستانی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔