قانون نافذ کرنے والے ادارے سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں، پرویزالہی

Published: 26-07-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے  درخواست ضمانت کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی۔دائر درخواست میں صدر پاکستان تحریک انصاف نے موقف اپنایا ہے کہ درخواست گزار کو نگراں حکومت کے آتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مختلف مقدمات اور انکوائریوں میں جعلی طریقے سے ملوث کیا جا رہا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے درخواست گزار کی دس روز کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی اور  درخواست گزار کو کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا۔ہائیکورٹ کے ایک رکنی بینچ نے درخواست گزار کو کسی بھی زیر التوا انکوائری میں سنے بغیر گرفتار کرنے سے  روکا نیز  درخواست گزار تمام درج مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری حاصل کر چکا ہے۔متفرق درخواست میں چوہدری پرویز الٰہی کا مزید کہنا ہے کہ درخواست گزار کے خلاف بدنیتی پر مبنی مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور درخواست گزار کے زندہ رہنے اور آزادی کے بنیادی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔درخواست  میں سپریم کورٹ سے لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ کا 17جولائی کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کو جلد سماعت کے لیے مقرر  کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔