Published: 31-07-2023
کیف: سعودی عرب کی میزبانی میں آئندہ ماہ ’’یوکرین امن فارمولا‘‘ پر مذاکرات ہونے جا رہے ہیں جس میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے ممکنہ روٹ میپ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کی تصدیق یوکرین کے صدر کے دفتر کے سربراہ آندری یرماک نے بھی کی ہے کہ ہمارے امن منصوبے پر مذاکرات کی میزبانی سعودی عرب کرے گا جو اگست میں منعقد ہوں گے۔آندری یرماک نے سعودی عرب میں ہونے والی ’’یوکرین پیس سمٹ‘‘ کی تاریخ کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔ ممکنہ طور پر امن مذاکرات کے لیے تاریخ کا ابھی تعین نہیں ہوا ہے۔تاہم وال سٹریٹ جرنل نے نے مذاکرات میں شامل سفارت کار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مذاکرات 5 اور 6 اگست کو جدہ میں ہوں گے جس میں تقریباً 30 ممالک شرکت کریں گے۔یاد رہے کہ یوکرین نے روس جنگ کے خاتمے کے لیے 10 نکاتی امن فارمولا پیش کیا تھا جس میں یوکرین کی زمینی خودمختاری کی بحالی، روسی فوجیوں کی دستبرداری اور تمام قیدیوں کی رہائی شامل تھی۔اس 10 نکاتی امن فارمولے پر یوکرین ہفتہ وار 50 سے زائد ممالک کے نمائندوں کے ساتھ انفرادی اور گروپس میں بات چیت کرچکا ہے اور یہ تیاری سعودی عرب میں ہونے والے امن مذاکرات کے لیے ہی ہے۔