Published: 10-08-2023
واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے داخلی فیصلوں میں دخل اندازی کا الزام درست نہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے میڈیا بریفنگ میں امریکی ویب سائٹ پر سامنے آنے والے سائفرکے متن سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس دستاویز کے مصدقہ ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم اگر اس میں رپورٹ کی گئی تمام باتیں درست ہیں تب بھی یہ کہیں سے ظاہر نہیں ہوتا کہ امریکا نے یہ موقف اختیار کیا ہو کہ پاکستان میں قیادت کس کے پاس ہونا چاہیے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال میں بہت سے لوگوں نے امریکی سفارت کار کے تبصرے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔میتھیو ملر نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کے ساتھ نجی اور سرکاری سطح پر عمران خان کی کچھ پالیسیوں اور روس کے یوکرین پر حملے کے دن ماسکو کا دورہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن جیسا کہ اس وقت امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر کہہ چکے ہیں کہ یہ الزامات درست نہیں کہ امریکا نے ملک کی قیادت کے حوالے سے پاکستان کے داخلی فیصلوں میں دخل اندازی کی اور ہم بھی یہی کہتے ہیں کہ یہ الزامات غلط ہیں۔