Published: 15-08-2023
ابوجہ: نائیجیریا میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 26 اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف آپریشن کے لیے جانے والے فوجی قافلے پر گھات لگائے ملزمان نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔حملہ اتنا اچانک کیا گیا تھا کہ نائیجیریا کے فوجیوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کو اسپتال منتقل کرنے والا ہیلی کاپٹر بھی راستے میں گر کر تباہ ہوگیا۔حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 11 فوجیوں کی میتیں اور 7 زخمی اہلکار کے علاوہ عملے کے ارکان بھی موجود تھے۔نائیجیریا کی فوج کے ترجمان نے مسلح گروہ کے حملے میں 26 اہلکاروں کی ہلاکت اور امدادی ہیلی کاپٹر کے گرنے کی بھی تصدیق کی تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ہیلی کاپٹر گرنے سے کتنی ہلاکتیں ہوئیں۔نائیجیریا فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والوں کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔ حادثے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات کا آغاز کردیاگیا۔