Published: 24-08-2023
لکھنو: بھارت میں آئی سی یو کے باہر جوتے اتارنے کی درخواست پر بی جے پی سے تعلق رکھنے والی میئر نے بلڈوزر بلا لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے شہر لکھنو کی میئر اور بی جے پی رہنما سشما کھڑک وال مقامی اسپتال میں کسی کی عیادت کو پہنچیں۔ اسپتال کے عملے نے انتہائی نگہداشت یونٹ ( آئی سی یو ) کے باہر جوتے اتارنے کی درخواست کی جس پر میئر کو غصہ آگیا۔میئر سشما نے ڈاکٹرز اور عملے سے بد زبانی کی، دھمکیاں دیں اور ان پر چیخنے چلانے کے بعد اسپتال کے باہر بلڈوزر بلوا لیے۔ بی جےپی کے کارکنوں اور انتظامیہ نے اسپتال کی دیواروں پر پوسٹرز بھی لگا دئیے۔ پولیس نے معاملے کا علم ہونے پرموقع پر پہنچ کر اسپتال انتظامیہ اور میئر سے مذاکرات کیے۔بی جے پی کی میئر نے اسپتال انتظامیہ سے واقعہ سے متعلق میڈیا پر بات نہ کرنے کے لیے بھی بھرپور دباؤ ڈالا جس کے بعد اسپتال نے اس بارے میں باضابطہ بیان جاری کرنے سے معذرت کرلی۔