ایشیاءکپ:بھارت سے ہارنا پاکستان کومہنگا پڑگیا، فائنل کھیلنےکے لالے پڑگئے

Published: 12-09-2023

Cinque Terre

بھارت سے شکست کھانے کے بعد قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آگئی۔ایشیاءکپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے ہاتھوں 228 رنز کے بڑے مارجن سے شکست نے قومی ٹیم کے ایونٹ کے فائنل کھیلنے کی راہ میں مشکلات کے نئے انبار لگا دیئے۔ بھارت کے خلاف شکست کے بعد قومی ٹیم ایشیاءکپ میں پوائنٹس ٹیبل پر 2 پوائنٹس کے باوجود تیسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ اس کا نیٹ ریٹ بھی منفی 1.892 ہوگیا ہے جبکہ بھارت ایک میچ میں 2 پوائنٹس کے ساتھ 4.560 نیٹ ریٹ کے ساتھ ٹاپ پر موجود ہے۔ اسی طرح میزبان سری لنکا دوسری پوزیش پر موجود ہے، آئی لینڈرز نے بنگال ٹائیگرز کو سپر فور مرحلے میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کیا اور ان کا نیٹ ریٹ بھی پاکستان سے بہتر ہے، اگر آج بھارت اور سری لنکا کا میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا جس سے ان کے پوائنٹس کی تعداد 3،3 ہوجائے گی جبکہ پاکستان کو اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف کھیلنا ہے اگر میچ میں بارش ہوئی یا قومی ٹیم کو شکست ہوتی ہے توگرین شرٹس کے فائنل کھیلنے کی اُمیدیں معدوم ہوجائیں گی۔ دوسری جانب اگر سری لنکا اور پاکستان کا میچ بارش کی نذر ہوا تب بھی پاکستان ایونٹ کے فائنل سے محروم رہے گا، کیونکہ نیٹ ریٹ پر سری لنکا گرین شرٹس سے بہت آگے ہے۔ 
واضح رہے کہ بھارت کے خلاف 228 رنز کی تاریخی ہار پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر بھی کرسکتی ہے۔