کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم کی خبریں میڈیا میں لیک ہونے پر ثناء میر بھی بول اُٹھیں

Published: 17-09-2023

Cinque Terre

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور کمنٹیٹر ثناء میر ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے درمیان جھگڑے کی خبریں منظر عام پر آنے پر بھڑک اٹھیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر نے کہا کہ ڈریسنگ روم کی خبریں جو میڈیا تک پہنچاتا ہے اسکو شرم آنی چاہیے، اس سے زیادہ کوئی چیز ٹیم کو نقصان نہیں پہنچاسکتی۔انہوں نے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی انجری کے حوالے سے خبر بھی شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ورلڈکپ سے یہ پاکستان کیلئے بڑا نقصان ہے۔قبل ازیں گزشتہ روز میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے درمیان ڈریسنگ روم میں تلخ کلامی ہوئی تھی۔تاہم اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کے نمائندے نے رابطہ کیا تو ٹیم کے ایک سینئیر کھلاڑی نے رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی واحد توجہ کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی فکر نہیں ہے، میچ ہارنے سے ہمارے ناقدین کو اپنی رائے دینے کا موقع ملا ہے لیکن یہ محض منفی قیاس آرائیاں ہیں۔دوسری جانب کرک انفو نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انجری کے باعث فاسٹ بولر نسیم شاہ کے بھارت میں شیڈول ورلڈکپ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اگلے ایڈیشن سے بھی محروم ہوسکتے ہیں۔