نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے آج عوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں، مریم نواز

Published: 20-09-2023

Cinque Terre

مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف سازش کرنے والے آج عوام میں جانے کے قابل نہیں ہیں۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی طلبا تنظیم ایم ایس ایف کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ’کسی سے ساتھ دیا ہو یا نہیں، میں نے مشکل وقت میں اپنے والد کا ساتھ نہیں چھوڑا، میں نے یہ کہا تھا کہ جو لوگ مجھے آپ کی کمزوری بنانا چاہتے ہیں وہ دیکھیں گے کہ انشاء اللہ میں آپ کی طاقت بنوں گی‘۔انہوں نے کہا کہ میں نے بے گناہ ہوتے ہوئے دو سو کے قریب پیشیاں بھگتیں، نواز شریف کی نظروں کے سامنے مجھے کوٹ لکھپت سے گرفتار کیا گیا تو اُس وقت والد کی آنکھوں میں آنسو تھے مگر انہوں نے مجھے نصیحت کی کہ گھبرانا نہیں ہے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اکیس اکتوبر کو واپس آرہے ہیں، اکیس اکتوبر کا سورج پاکستان کیلیے نئی امید بن کر طلوع ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر کا کہنا تھا کہ آپ نواز شریف کی وجہ سے ایٹمی طاقت ہیں، ملک کے سارے منصوبے نواز شریف کے دیے ہوئے ہیں، کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں جو پی ٹی آئی چیئرمین کا ہو، مجھے خوشی ہے کہ پشاور کے لوگوں کے پاس میٹرو بس ہے وہ منصوبہ بھی مسلم لیگ ن کی حکومت کا ہی ہے۔