Published: 26-09-2023
کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے دما دم مست قلندر ہوگا، بعض باہر تو کچھ جیل میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو پہلے بھی امپائر کی ضرورت نہیں تھی اور نہ اب پڑے گی، ہمارا امپائرعوام ہے اور اسی کے ہی ووٹ سے حکومت میں آتے ہیں، امپائر چیئرمین پی ٹی آئی کا ایجاد کیا ہوا لفظ ہے، اللہ ان کو ہی بخشے۔منظوروسان نے کہا کہ امپائر چیئرمین پی ٹی آئی کو کبھی وزیراعظم بناتا ہےتو کبھی اسےجیل میں ڈال دیتا ہے، پی پی پی چاہتی ہے الیکشن وقت پر ہوں اور جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ الیکشن میں تاخیر ہوں، جیل جانا کوئی نئی بات نہیں ہے، اب تو گرمی بھی کم ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن تو جیل میں بھی بیٹھ کر بھی جیتے جاسکتے ہیں، پاکستان میں سیاست کرنی ہے تو جیل بھی دیکھنے پڑیں گے، کچھ ترامیم کی گئی ہیں جن پر اعتراضات ہیں، انتخابات میں پی ٹی آئی کے پاس کوئی امیدوار نہیں بچا۔منظوروسان نے کہا کہ جے یو آئی، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم کا اتحاد پی پی پی کے لئے خطرہ نہیں ہے۔