Published: 01-10-2023
یروشلم: مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر راماللہ اسرائیلی فورسز نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق راماللہ میں عماری پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھنے والے محمد رومانہ کو رات گئے شہید کر دیا گیا جس کے سوگ میں مقامی فلسطینیوں نے عام ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے کار میں سوار دو فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں محمد رومانہ شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔فلسطینی ہلال احمر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے ابتدائی طور پر دونوں فلسطینیوں کی امداد کیلئے ایمبولینسوں کو بھی آنے کی اجازت نہیں دی جس کے نتیجے میں محمد رومانہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حماس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ رومانہ ان کا رکن تھا۔