بھارت نے افغانستان کے پرخچے اڑادیے، ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری فتح

Published: 12-10-2023

Cinque Terre

نئی دہلی: بھارت نے افغانستان کو شکست دیکر ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔بدھ کو نئی دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے نویں میچ میں بھارت نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 273 رنز کا ہدف 35 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اوپنرز روہت شرما اور ایشان کشان نے ٹیم کو 156 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ فراہم کی۔ ایشان کشان 47 اور روہت شرما 131 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ویرات کوہلی 55 اور شریس ائیر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی طرف سے دونوں وکٹیں راشد خان نے حاصل کیں۔افغان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے تھے۔ افغان اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔اوپنر رحمان اللہ گرباز 21، ابراہیم زادران 22 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر رحمت شاہ بھی 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کپتان حشمت اللہ شاہدی اور عظمت عمرزئی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، بعدازاں عظمت عمرزئی 62 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان حمشت اللہ 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 80 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔دیگر کھلاڑیوں میں محمد نبی 19، راشد خان 16، نجیب اللہ زادران 2  بناکر آؤٹ ہوگئے۔ مجیب الرحمان 10 اور نوین الحق 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، ہاردک پانڈیا نے 2 جبکہ شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی کا ٹاس کے موقع پر کہنا تھا کہ کوشش ہوگی بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے ہوم گراؤنڈ پر بھارت کو پریشر میں لائیں۔اس موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ افغانستان کیخلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے، اہم میچ ہے جیت کے ساتھ پاکستان کیخلاف میدان میں اُترنا چاہتے ہیں۔بھارت کیخلاف میچ کیلئے افغان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ بھارت نے ایشون کی جگہ شاردل ٹھاکر کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا تھا۔ افغانستان کا اسکواڈ کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، عظمت اللہ عمر زئی، راشد خان، مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل حق فاروقی بھارت کا اسکواڈکپتان روہت شرما، ایشان کِشن، ویرات کوہلی، شیرس ایر، کے ایل راہول، ہاردیک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، شاردل ٹھاک ر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ اور محمد سراج