حماس نے قید میں موجود اسرائیلی خواتین کی ویڈیو جاری کردی

Published: 30-10-2023

Cinque Terre

 غزہ: حماس نے اپنی قید میں موجود اسرائیلی خواتین کی ویڈیو جاری کردی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے مسلح ونگ عزالدین القسام بریگیڈز نے 76 سیکنڈ کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں انکی قید میں موجود تین اسرائیلی خواتین کا پیغام نشر کیا گیا ہے جس میں وہ اپنی رہائی کیلئے حکومت سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کررہی ہیں۔ویڈیو میں دکھائی دینے والی تینوں خواتین جن کے نام ظاہر نہیں کیے گئے بالکل صحت مند معلوم ہوتی ہیں اور اُن پر تشدد کا کوئی نشان نہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ حماس کی قید میں انکو کوئی تکلیف نہیں دی گئی اور انکے کھانے پینے کا بھی خیال رکھا جارہا ہے۔خواتین کا عبرانی زبان میں کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی حکومت 7 اکتوبر کو شہریوں کی حفاظت میں ناکام رہی۔ وہاں پر کوئی فوج نہیں تھی، کوئی ہماری مدد کو آیا نہ کسی نے ہماری آواز سنی۔ ہم معصوم شہری جو اسرائیل کی ریاست کو ٹیکس دیتے ہیں یہاں قید میں بے حال بیٹھے ہیں۔انہوں نے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ہمیں چھڑوانے والے تھے، آپ کو ہمیں چھڑوانا چاہیے، اسکے بجائے آپ ہمیں اپنی سیاست، سکیورٹی اور فوجی افراتفری میں گھسیٹے جا رہے ہیں۔ آپ کی پوزیشن کا مطلب یہ کہ آپ ہم سب کو قتل کروانا چاہتے ہیں۔ ہمیں قید میں 23 دن گزر چکے ہیں اب جنگ کو ختم ہونا چاہیے۔خواتین نے مزید کہا کہ کیا آپ (نیتن یاہو) نے پہلے ہی کافی لوگوں کو قتل نہیں کرلیا؟ کیا پہلے ہی بہت سے اسرائیلی شہری قتل نہیں ہوچکے؟، ہمیں آزاد کروائیں۔ ہم سب کو آزاد کروائیں۔ اُن کے قیدیوں کو آزاد کریں۔ ہمیں اپنے خاندان کے پاس واپس بھجوائیں اور ابھی بھجوائیں۔دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس کی اس ویڈیو کو ’ظالمانہ نفسیاتی پروپیگنڈا‘ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ نیتن یاہو نے کہا کہ یہ حماس کا ظالمانہ نفسیاتی پروپیگنڈہ ہے۔  ہم تمام مغوی اور لاپتہ افراد کی گھر واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔