ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟

Published: 12-11-2023

Cinque Terre

  کراچی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں ناقص پرفارمنس کے باوجود پاکستان ٹیم کو بڑی انعامی رقم ملے گی۔معروف اسپورٹس ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ کے مطابق مسلسل دوسری بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام رہنے کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم اپنی حالیہ ورلڈ کپ مہم میں قابل ذکر مالی فوائد سمیٹنے میں کامیاب ہوئی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو رواں ٹورنامنٹ کے دوران اپنے 9 لیگ میچز میں سے چار میں کامیابی ملی اور 5 میں شکست ہوئی، گروپ مرحلے میں میچ جیتنے والی ٹیم کو 40,000 ڈالر ملتے ہیں یوں پاکستان کو چار میچ جیتنے پر کُل 160,000 ڈالر ملیں گے۔مزید برآں سیمی فائنل سے پہلے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ہر ٹیم کو 100,000 ڈالر انعام دیا جائے گا یوں ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کو کُل انعامی رقم کے طور پر دو لاکھ ساٹھ ہزار امریکی ڈالر ملیں گے۔کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر، رنر اپ کو 20 لاکھ ڈالر جبکہ سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیموں کو آٹھ، آٹھ لاکھ ڈالر انعامی رقم دی جائے گی۔