جلد ٹیپ بال کا بھی ورلڈ کپ ہوگا، سرفراز احمد

Published: 21-11-2023

Cinque Terre

  کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مقبولیت دیکھ کر اندازہ ہورہا ہے کہ جلد ٹیپ بال کا بھی ورلڈ کپ ہوگا۔کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بھی کراچی سے شروع ہوئی تھی، اب ٹیپ بال کرکٹ بہت تیزی مقبول ہورہی ہے، کراچی سے ایجاد ہونے والی  اس طرز کی کرکٹ ملک بھر میں کھیلی جارہی ہے۔کراچی ٹیپ بال پریمیئر لیگ کا سیزن تھری یکم تا 16 دسمبر 2023 کراچی میں کھیلا جائے گا جس کی پلیئر ڈرافٹ اور ٹرافائی کی رونمائی کی تقریب منگل کو منعقد ہوئی جس میں جاوید میانداد اور سرفراز احمد بھی شریک تھے۔تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ  کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی ٹیپ بال پریمئیر لیگ کا انعقاد خوش آئند عمل ہے۔ ٹیپ بال کراچی میں کرکٹ کا چہرہ ہے جو گلی کوچوں اور سڑکوں پر کھیلی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ لیگ نئے ٹیلنٹ ابھارنے کے لیے اہم ثابت ہوگی۔ کراچی میں نوجوان ٹیپ بال سے کھیل کر ہی آگے بڑھتے ہیں۔ صوبہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہرممکن تعاون جاری رہے گا۔