عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

Published: 25-11-2023

Cinque Terre

  کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ ’میں نے کافی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنے عرصے تک سپورٹ کیا، پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔عماد نے لکھا کہ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا، وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔ آل راؤنڈر نے پاکستانی شائقین اور اپنے مداحوں، دوستوں، فیملی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔انہوں نے لکھا کہ ’اب وقت نئے کوچز اور نئی قیادت کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہے، جن کے لیے وہ نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور وہ ٹیم کو آگے بڑھتے دیکھنا اور کامیابی حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں‘۔ عماد وسیم نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب ان کی توجہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ہٹ کر اپنے کریئر کے اگلے مرحلے پر ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جواب میں ملک کی نمائندگی اور کرکٹ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے عماد وسیم کا شکریہ ادا کیا اور اُن کے مستقبل کیلیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ عماد وسیم پاکستان کی کرکٹ میں ایک قیمتی اثاثہ رہے ہیں، وائٹ بال کرکٹ میں ان کی کارکردگی ٹیم کی کامیابی میں اہم رہی ہے، ہم ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں تاہم انہیں ہم یاد رکھیں گے ۔ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان کرکٹ کے لیے خدمات پر عماد وسیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔عماد وسیم کے کیریئر پر ایک نظر34 سالہ عماد وسیم نے اپنے آٹھ سالہ انٹرنیشنل کریئر کا آغاز مئی 2015 میں زمبابوے کے خلاف کیا اور 55 ون ڈے انٹرنیشنل اور 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انہوں نے 109 وکٹیں حاصل کیں  جبکہ 1472 رنز بنائے۔عماد وسیم 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اس کے علاوہ انہوں نے2016 اور 2021 کے ٹی ٹو20 ورلڈ کپ اور2019 کے عالمی کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔