حیدرآباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے سے دو بچے جھلس کر زخمی

Published: 29-11-2023

Cinque Terre

 حیدرآباد:  ٹنڈوآغا کے علاقے میں بجلی کا ٹرانسفارمر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں  دو بچے زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرانسفارمر میں دھماکے کے بعد اس میں سے گرم آئل گرنے کے ساتھ ہی آگ بھڑک اٹھی تھی اور ٹرانسفارمر میں بھی کافی دیر تک آگ لگی رہی۔علاقہ مکینوں کے مطابق بجلی کے ٹرانسفارمر سے نکلنے والے شعلے بچوں پر گرنے سے  بچے زخمی ہوگئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گرم آئل  گرنے اور آگ لگنے کے بعد بچہ بھاگ رہا ہے۔اہل علاقہ کے مطابق پچھلے چند روز میں چار سے پانچ مرتبہ حیسکو کے عملے نے متاثرہ ٹرانسفارمر کی مرمت  بھی کی تھی۔ٹرانسفارمر میں دھماکے اور بچوں کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد مشتعل افراد نے حیسکو پھلیلی سب ڈویژن کے دفتر پر دھاوا بول دیا  جس کے نتیجے میں حیسکو کا عملہ دفتر سے فرار ہوگیا۔ مشتعل افراد نے خالی دفتر کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔